کراچی واقعہ کی تحقیقات ایک اچھی پیشرفت ہے، اپوزیشن جماعتیں گندم بحران کے حوالے سے عوام کو گمراہ کر رہی ہیں، وزیر مملکت پارلیمانی امور

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وفاق کا کراچی واقعہ سے کوئی تعلق نہیں تھا، کراچی واقعہ کی تحقیقات ایک اچھی پیشرفت ہے، اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کے بغض میں گندم بحران کے حوالے سے عوام کو گمراہ کر رہی ہیں، اپوزیشن جماعتیں گندم پر سیاست نہ کریں۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں …

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وفاق کا کراچی واقعہ سے کوئی تعلق نہیں تھا، کراچی واقعہ کی تحقیقات ایک اچھی پیشرفت ہے، اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کے بغض میں گندم بحران کے حوالے سے عوام کو گمراہ کر رہی ہیں، اپوزیشن جماعتیں گندم پر سیاست نہ کریں۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) دراصل پاکستان تباہی موومنٹ ہے، پی ڈی ایم قیادت ایک پیج پر نہیں ہیں، نواز شریف کے بیانیہ کی وجہ سے پی ڈی ایم تقسیم کا شکار ہو چکی ہے، دونوں جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کا الگ الگ موقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا اداروں کے خلاف بیانیہ ملکی مفاد میں نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی بیانیے پر مخالفت ہے، (ن) لیگ کے سیاسی رہنما اور کارکنان انکے بیانیہ کے ساتھ نہیں ہیں بلکہ وہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گندم بحران کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں علی محمد خان نے کہا کہ گندم بحران پر اپوزیشن سیاست کر رہی ہے، انہوں نے وقت پر گندم ریلیز نہیں کی جس کی وجہ سے بحران پیدا ہوا، اپوزیشن چاہتی ہے کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ ہو تاکہ عوام میں پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کسی بھی مرحلے پر یہ نہیں کہا کہ مہنگائی کا ایشو نہیں ہے، حکومت مہنگائی کے مسئلے سے پوری طرح آگاہ ہے اور مہنگائی کو کم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، عوام کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن گندم پر سیاست نہ کرے۔ گندم کی سپورٹ پرائس کے حوالے سے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ گندم کی ایسی قیمت مقرر ہونی چاہیے جس سے کسان اور عوام دونوں کو فائدہ ہو۔