کراچی۔29دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز پہلی اننگز 612 رنز پر ڈیکلیئر کرکے پاکستان کے خلاف 174 رنز کی برتری حاصل کرلی، کین ولیمسن نے اپنے کیرئیر کی پانچویں ڈبل سنچری سکور کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی، پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنا لئے، پاکستان ٹیم اب بھی 97 رنز کے خسارے میں ہے ،
دن کے اختتام پر امام الحق 45 اور نائٹ واچ میں نعمان علی 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، بلیک کیپ کے سپنرز کی جوڑی مائیکل بریسویل اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جمعرات کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 174 رنز کی بڑی سبقت حاصل کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔ ولیمسن اور ایش سودھی نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 159 رنز بناکر پاکستان کی جیت کی امید کو تقریباً ختم کردیا۔
ولیمسن 10 گھنٹے تک کریز پر رہے اور 395 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 21 چوکوں اور ایک اکلوتے چھکے کی مدد سے 200 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ لیگ سپینر سودھی نے بھی اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی اور 180 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 224 منٹ میں 65 رنز بنائے جس میں 11 چوکے شامل تھے۔ ٹم سائوتھی اور نیل ویگنر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم سائوتھی نے چائے کے وقفہ پر 9 وکٹوں کے نقصان پر612 رنز پر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی۔ پاکستان کے بائولرز دن بھر جدوجہد میں مصروف رہے لیکن کین ویلیمسن ان کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح وکٹ پر کھڑے رہے۔
پاکستان کے مسٹری سپینر ابراراحمد نے67.5 اوورز میں 205 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور وہ اپنے 3 ٹیسٹ میچوں کی 5 اننگز میں22 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ لیفٹ آرم سپینر نعمان علی 63 اوورز میں 185 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فاسٹ بولر محمد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔