کراچی۔ 20 جنوری (اے پی پی):کراچی پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
تھانہ فیروز آباد ڈسٹرکٹ ایسٹ سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق نرسری مارکیٹ، پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے دو ملزمان رشید ولد فیروز اور احسن ولد فیروز کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول بمعہ لوڈ میگزین اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔