لاہور۔18فروری (اے پی پی):ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے 26ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 22 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ میچ میں شکست کے باوجود لاہور قلندرز کی ٹیم دس پوائنٹس کے ساتھ ایونٹ کے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم 150 رنز کے تعاقب مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بناسکی۔ فاتح ٹیم کے میرحمزہ نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 27 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور عبداللہ شفیق پر مشتمل لاہور قلندرز کی ان فارم اوپننگ جوڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور محض 10 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز آٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔
دونوں بیٹرز کو میر حمزہ نے آٹ کیا۔جس کے بعد تجربہ کار بیٹر محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کی کمان سنبھالی اور تیسری وکٹ کے لیے کامران غلام کے ہمراہ 42 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالادینے کی کوشش کی تاہم وہ بھی 33 کے انفرادی اسکور پر رن آٹ ہوگئے۔ کامران غلام نے13 رنز اسکور کیے۔
لاہور قلندرز کی آدھی ٹیم 64 رنز پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ایسے میں ڈیوڈ ویزے اور ہیری بروک نے چھٹی وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کی۔ لاہور قلندرز کو جیت کے لیے آخری 12 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے تاہم میرحمزہ نے ایک ہی اوور میں دو سیٹ بیٹرز ڈیوڈ ویزے اور ہیری بروک کو آٹ کرکے میچ میں کراچی کنگز کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔ڈیوڈ ویزے 31 اورہیری بروک 26 رنز بناکر آٹ ہوئے۔
میرحمزہ نے چار جبکہ کرس جارڈن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل کراچی کنگز کی پوری ٹیم نوجوان فاسٹ بالر زمان خان اور لیگ اسپنر راشد خان کی نپی تلی بالنگ کی بدولت 19.5 اوورز میں 149 رنز بناکر آٹ ہوگئی تھی۔ اوپنر شرجیل خان 39رنز بناکر نمایاں رہے۔
ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے باقی چار بیٹرز لوئس گریگری 27، قاسم اکرم 26 اور روحیل نذیر 18 رنز بناکر آٹ ہوئے۔زمان خان اور راشد خان نے بالترتیب 16 اور 17 رنز کے عوض چار چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔