کراچی۔ 11 فروری (اے پی پی):کراچی کی ٹیموں کی کارکردگی سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ کراچی میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، سیزن میں کراچی کے کھلاڑیوں نے اپنے شاندار کھیل سے قائداعظم ٹرافی، ٹی 20اور انڈر 19ٹورنامنٹ جیتا جبکہ انڈر19تین روزہ اور نیشنل ون ڈے کپ کی رنزاپ رہی ہیں، اس پرفارمنس کے باوجود کراچی کے کھلاڑیوں کووہ مقام نہیں دیا جاتا جس کے وہ مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر کھیل سندھ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے ڈومیسٹک سیزن میں کراچی ریجن کی شاندار فتوحات پر جشن کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مقامی ہوٹل میں اتوار کو منعقدہ تقریب میں انہوں نے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ندیم عمر کی کرکٹ میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان جیسے شخص کی پورے پاکستان کو ضرورت ہے جو بغیر کسی لالچ کے کھیلوں کے فروغ کے لئے کام کر رہے ہیں۔ تقریب سے میزبان ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ندیم عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کراچی کے کھلاڑی زیادہ سے زیادہ قومی ٹیم کا حصہ بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی ایک ٹیم تشکیل دے کر اسے دیگر ممالک کے دورے پر بھیجا جائے گا تاکہ وہ اپنے کھیل میں مزید نکھار پیدا کر سکیں۔
تقریب سے نائب صدر آر سی اے کے سید ارشاد احمد جیلانی نے کہا کہ ندیم عمر کی قیادت میں کراچی کی کرکٹ کو اس کا اصل مقام دلائینگے اور کراچی کی ٹیم کو امریکا میں کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کرینگے۔ سیکرٹری آر سی اے کے جاوید احمد خان نے کہا کہ ندیم عمر نے جس طرح ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ تقریب سے سابق کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد نے قومی انڈر19ٹیم اور کپتان سعد بیگ کی تعریف کی۔ تقریب سے چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی آر سی اے کے خالد نفیس ،ہیڈ کوچ کراچی وائٹس اقبال امام نے بھی خطاب کیا۔
مہمان خصوصی جنید علی شاہ نے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز میں ندیم عمر کی جانب سے 15لاکھ روپے کیش انعام اور شیلڈ تقسیم کیں جبکہ سابق صدر کے سی سی اے سید سراج الا سلام بخاری کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، سابق صدر آر سی اے کے اعجاز فاروقی اور زونل صدور سیکرٹریز اور خازن میں یادگاری شیلڈ تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں ٹیسٹ کپتان شان مسعود، سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد، انور علی،محمد اعظم خان،ساتوں زونز کے صدور،سکرٹریز، خازن اور دیگر معزز مہمان موجود تھے۔