کربلا کا معرکہ ہمیں یہ بات باور کراتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار کے فروغ و احیا کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنا ہی عزیمت اور کامیابی ہے، جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایات کو جلا بخشتا ہے وزیر اعظم عمران خان کا یوم عاشور کے موقع پر پیغام

اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور10 محرم الحرام 1442ھ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر کے مسلمان جگرگوشہ بتول، نواسہ خَاتم اَلنّبِیین صلی اللہ علیہ و علی آ لہ و اصحٰبہ و سلم، امامِ عالی مقام حضرتِ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادتِ عظمیٰ کی بے مثال و لازوال قربانی …

اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور10 محرم الحرام 1442ھ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر کے مسلمان جگرگوشہ بتول، نواسہ خَاتم اَلنّبِیین صلی اللہ علیہ و علی آ لہ و اصحٰبہ و سلم، امامِ عالی مقام حضرتِ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادتِ عظمیٰ کی بے مثال و لازوال قربانی کی یاد کو تازہ کر رہے ہیں۔ اگرچہ یومِ عاشور مختلف اعتبار سے بڑی اہمیت کا حامل ہے تاہم تاریخ اسلام میں اس دن کو ایک الگ رفعت و بلندی اور خاص اہمیت و انفرادیت امام عالی مقام کی شہادت اور واقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کا یہ عظیم معرکہ حق و باطل ہمیں یہ بات باور کراتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار کے فروغ و احیا کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنا ہی عزیمت اور کامیابی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایات کو جلا بخشتا ہے۔ یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال اور روح پرور روایت کی آبیاری کا سرچشمہ بھی ہے جس کی نظیر تاریخ انسانی میں مشکل سے ہی ملتی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میرے نزدیک اسوہ حسین کا یہ پیغام ہر قلِب سلیم کیلئے ہے کہ وہ راہ حق میں آنے والی ہر پریشانی کو خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے اپنی جان جانِ آفرین کہ سپرد کر دے۔ اسی جذبہ سے سرشاری کے بعد ہم وطن عزیز اور اقوام عالم میں کوئی قابل ذکر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموںو کشمیر میں بھارتی سامراج سے برسرپیکار عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسین کو زندہ رکھا اور کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنا دیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گذشتہ کچھ عرصہ سے کورونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس میں ارض پاک بھی شامل تھی لیکن اللہ پاک کی مدد، حکومت کے بروقت اقدامات اور قوم کے بھر پور تعاون سے اس وبا کے پھیلائو پرکافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے جس پر پوری پاکستانی قوم کو اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہونا چاہئے۔ یوم عاشور کے دن قوم سے اپیل کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اْمید ظاہر کی کہ آپ محرم الحرام کی تقاریب میں بھی حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر ضرور عمل پیرا ہوں گے اور کورونا وائرس سے محفوظ ماحول میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ، فرقہ واریت اور تعصب کو بالائے طاق رکھتے ہوے منائیں گے اور امن و امان کوبھی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ضرور دعائیں کی جائیں۔ خدائے بزرگ و برتر آپ کی دعاوں کو شرف قبولیت سے نوازے۔