کرسمس کی تقریبات کے سلسلہ میں تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

169
کرسمس کی تقریبات

فیصل آباد ۔ 12 دسمبر (اے پی پی):فیصل آبادسمیت ڈویژن بھر میں کرسمس کی تقریبات کے حوالے سے سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انتظامی افسران کی طر ف سے مربوط اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

فیصل آبادڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتا یا کہ کرسمس کی تقریبات کے موقع پر ضلع فیصل آباد سمیت جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے تمام اہم گرجا گھروں میں جامع سکیورٹی کیلئے پولیس فورس اورسکیورٹی آلات کو فعال رکھا جائے گااور ان تمام مقامات پر سول ڈیفنس، ریسکیو 15، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متعلقہ گاڑیوں و مشینری کے ساتھ موجود رہیں گی اسی طرح سول ڈیفنس کاعملہ بھی اہم گرجا گھروں کے قرب و جوار میں سویپنگ کے فرائض سر انجام دے گا۔

انہوں نے بتایاکہ متعلقہ حکام کو گرجا گھروں،مسیحی آبادیوں، پبلک پارکس اور تفریحی مقامات پر صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کے علاوہ ٹریفک مینجمنٹ کے منظم اقدامات پر عملدرآمد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈی سی فیصل آباد کی جانب سے تمام متعلقہ حکام کو تاکید کی گئی ہے کہ ضلع میں سستے کرسمس بازاروں میں معیاری اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور دیگر حفاظتی و انتظامی اقدامات مثالی ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر ضلع بھر میں تہنیتی پیغامات پر مبنی بینرز بھی آویزاں کئے جائیں گے تاکہ مسیحی بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جاسکے۔