کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی تصدیق
کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی تصدیق

مزید خبریں
لزبن۔12اگست (اے پی پی):پرتگال کے شہرہ آفاق فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کے ساتھ پرتگال میں ایک بظاہر سادہ اور پروقار شہری تقریب کے دوران شادی کر لی ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق سال 2016 میں میڈرڈ میں پہلی ملاقات کے بعد سے ایک ساتھ رہنے والے اس جوڑے نے انسٹاگرام پر اپنی انگوٹھیوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ 2017میں دونوں پہلی بار زیورخ میں ہونے والے فیفا فٹبال ایوارڈز کی تقریب میں ریڈ کارپٹ پر ایک ساتھ نظر آئے جبکہ بعد میں کرسٹیانو رونالڈو نے جارجینا روڈ ریگزکے ساتھ تصویر شیئر کرکے اپنے تعلق کو عوامی سطح پر ظاہر کیا۔
کرسٹیانورونالڈو اور جارجینا روڈریگز کے 5 بچے ہیں جن میں جڑواں بچے ایوا ماریا اور میٹیو (9 سال)، بیٹی الانا (8 سال)، بیٹی بیلا (4 سال) اور رونالڈو کا 16 سالہ بیٹا کرسٹیانو جونیئر شامل ہیں، جو رونالڈو کے سابقہ تعلق سے ہیں۔41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کی شادی ان کے سعودی کلب النصر کے نئے سیشن کے آغاز سے محض چار روز قبل انجام پائی ہے۔
یہ تقریب پرتگالی دارالحکومت لزبن کے مغرب میں واقع ساحلی قصبے کسکائس میں منعقد ہوئی جس میں ان کے پانچوں بچوں نے شرکت کی۔ اپنے شاندار کیریئر میں سپورٹنگ، مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ، جووینٹس، النصر اور پرتگال کی طرف سے کھیلتے ہوئے 1,000 کے قریب گول سکور کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو حال ہی میں اپنے چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کر کے ارجنٹائن کے لیونل میسی کا سب سے زیادہ ورلڈ کپ کھیلنے کا ریکارڈ بھی برابر کر چکے ہیں۔







