اقوام متحدہ کا لیبیا میں جھڑپیں فوری روکنے اور ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ
اقوام متحدہ کا لیبیا میں جھڑپیں فوری روکنے اور ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ
طرابلس ۔12اگست (اے پی پی):کے معاونت مشن برائے لیبیا (یو این ایس ایم آئی ایل) نے مغربی شہر زاوِیہ میں جاری جھڑپیں فوری طور پر روکنے اور تشدد کے ذمہ دار افراد کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔شنہوا کے مطابق جاری بیان میں مشن نے زاوِیہ میں جاری جھڑپوں اور شہر صُرمان میں ہونے والی لڑائی کی مذمت کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر دشمنی ختم کریں اور ایسے اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔
بیان کے مطابق جھڑپوں سے شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ گئی ہیں، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے جبکہ نجی املاک اور اہم بنیادی ڈھانچے کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، جن میں زاوِیہ آئل ریفائنری بھی شامل ہے۔مشن نے بتایا کہ صُرمان میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران متعدد قیدی بھی فرار ہوگئے، جس پر عوامی سلامتی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کے مشن نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی پابندی کریں۔
مشن نے واضح کیا کہ آبادی والے علاقوں میں یا ان کے قریب بھاری ہتھیاروں کا استعمال ناقابل قبول ہے۔مشن نے لیبیا کے حکام سے مطالبہ کیا کہ آبادی والے علاقوں سے بھاری ہتھیاروں کی واپسی کے لیے مربوط طریقہ کار وضع کیا جائے، کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت کی جائے، دوبارہ تشدد کے واقعات کی روک تھام کی جائے اور شہریوں و اہم بنیادی ڈھانچے کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔








