اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرونا عالمی وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے،کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عالمی ادارہ صحت کی خدمات قابل تحسین ہیں۔یہ بات انہوں نے بدھ کو تہران میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر سید جعفر حسین سے پاکستانی سفارتخانہ تہران میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ملاقات کے دوران کرونا عالمی وبائی چیلنج سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عالمی ادارہ صحت کی خدمات قابل تحسین ہیں۔پاکستان میں کرونا وبا کی تیسری لہر پہلے سے زیادہ مہلک ثابت ہو رہی ہے۔محدود وسائل کے باوجود، اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت موثر حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران عالمی ادارہ صحت کی طرف سے پاکستان کی معاونت کو سراہتے ہیں ۔
ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ کرونا وبا سے بچاؤ کیلئے مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں کرونا سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن کا عمل بتدریج جاری ہے ۔پہلے مرحلے میں شعبہ طب سے وابستہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ویکسین کے ذریعے محفوظ بنا رہے ہیں۔تہران میں عالمی ادارہ ء صحت کے سربراہ ڈاکٹر سید جعفر حسین نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور ایران میں کرونا وبا سے نمٹنے کیلئے عالمی ادارہ صحت کی کاوشوں سے آگاہ کیا ۔ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔