کرونا ویکسین لگانا شرعاً درست اور وقت کی ضرورت ہے ،ویکسین میں کوئی ایسی چیز نہیں جو ممنوع ہو ،وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر اشرفی کی میڈیا سے گفتگو

حکومت ،تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں اور ریاستی ادارے مذاکراتی ٹیبل پر بیٹھیں اور معاملات کی اصلاح کی کوشش کریں،حافظ طاہرمحموداشرفی

لاہور۔4جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و چیئرمین علما بورڈپنجاب علامہ حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین لگانا شرعاً درست ہے اور وقت کی ضرورت ہے ،ویکسین میں کوئی ایسی چیز نہیں جو ممنوع ہو ،امام حرم کعبہ، پاکستان و دنیا کے تمام علما اور مشائخ سمیت انہوں نے خود بھی ویکسین لگوائی ہے،سوشل میڈیا پر ویکسین کے متعلق جہالت پر مبنی گفتگو کو مذہبی رنگ دیا جارہا ہے،ملک بھر میں جمعہ کے خطبات میں کرونا ویکسین کے حوالے سے آگاہی دی گئی ہے ،باہمی مشاورت کے بعد مزارات اور مدارس کھولنے کے حوالے سے لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا،پوری دنیا میں ماحولیات کا عالمی دن منایا جارہا ہے،پاکستان عالمی ممالک کانفرنس کی میزبانی کررہا ہے،وزارت ماحولیات اور تمام جماعتیں مل کر دس ارب درخت لگائیں گی ،ہر شخص کو انفرادی طور پر ایک درخت لگانا چاہئے،سعودی عرب کے ولی عہد کیجانب سے بھی درخت لگانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرینڈ جامع مسجد بحریہ ٹاﺅن میں نماز جمعہ کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ پوری قوم سے اپیل ہے کہ وہ کرونا ویکسین لگوا ئے اس میںکوئی ایسی چیز نہیں جو ممنوع ہے،دینی و شرعی اعتبار سے پاکستانیوں کو بلا خوف و خطر ویکسین لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ویکسین نہیں لگواتا اور اس سے کوئی اور متاثر ہوتا ہے تو وہ اسکا جواب دہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حج پر جانے والوں کو بھی ویکسین لگوائی جائے گی اور اس سلسلے میںحکومتی اقدامات کئے جائیں گے، جب سعودی حکومت کیجانب سے حج سے متعلق شرائط اور قواعد و ضوابط کی فہرست ملے گی تو مذہبی امور کمیٹی مشاورت کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کی وضاحت کے بعد کسی اور وضاحت کی ضرورت نہیں اب اس معاملے کو سیاسی نہیں بنانا چاہئیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وقف املاک ایکٹ پر وزیراعظم کی جانب سے ہائی پاور کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں مذہبی امور اور دیگر نمائندے موجود ہیں، باہمی مشاورت کے بعد مزارات اور مدارس کھولنے کے حوالے سے لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئے سرے سے مذہبی امن کمیٹیاں تشکیل دینے کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنی سفارشات وزیراعظم عمران خان کو پیش کی ہیں، 70 سال میں پہلی مرتبہ سفارشات پر عمل کے لیے اقدام کئے جارہے ہیں۔

علامہ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ حج ہوگا اور اس حوالے سے سعودی حکومت حتمی فیصلہ کرے گی ، جس کے بعدمکمل تفصیلات فراہم کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا ویکسین کا مناسب بندوبست موجود ہے ،عوام بلاخوف کرونا ویکسین لگوائیں۔