اسلامی ٹچ دینا پی ٹی آئی کی پرانی روایت ہے ،190 ملین پاؤنڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ ہے ،یہ کچھ بھی کر لیں سزا سے نہیں بچ سکیں گے ، سینیٹر طلال چوہدری

90
Senator Talal Chaudhry
Talal Chaudhry

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلامی ٹچ دینا پی ٹی آئی کی پرانی روایت ہے ،190 ملین پاؤنڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ ہے ،یہ کچھ بھی کر لیں سزا سے نہیں بچ سکیں گے کیونکہ یہ کسی کی ذات کا نہیں بلکہ پاکستان کا معاملہ ہے۔

پیر کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این سی اے برطانیہ میں 2018 میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی تحقیقات شروع ہوئیں ،اس وقت این سی اے نے حکومت سے رابطہ کیا مگر جس آدمی کے خلاف تحقیقات ہو رہی تھیں اسی شہزاد اکبر سے ملاقاتیں کرائی گئیں، 29 نومبر کو پہلی قسط سپریم کورٹ پہنچ گئی اور دسمبر میں اس کی بند لفافے میں کابینہ سے منظوری لی گئی، اسلامی ٹچ دینا ان کی پرانی روایت ہے ایک طرف ریاست مدینہ اور حضرت عمر فاروق ؓکے حوالے دیتے ہیں اور دوسری طرف ان کا اپنا کردار سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چوری کو چھپانے کے لئے انہوں نے بعد میں ایک ٹرسٹ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خود ڈیل کا تاثردینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ثاقب نثار اور دیگر کی جانبداری کے باوجود سابق وزیراعظم نواز شریف یا ان کے خاندان نے کسی عدالت پر عدم اعتماد نہیں کیا ،تاریخ کو انصاف اور نا انصافی میں فرق کرنے کا انہوں نے موقع دیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز شریف برطانیہ سے فیصلہ سننے پاکستان آگئے تھے اور ایک یہ ہیں کہ چند قدم کے فاصلے پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اسی این سی اے برطانیہ نے شہباز شریف کو بری کیا تھا ۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ اس کیس میں جو مرضی کر لیں سزا سے نہیں بچ سکیں گے یہ کیونکہ یہ کسی کی ذات کا نہیں بلکہ پاکستان کا معاملہ ہے۔