کسان کی خوشحالی دراصل قومی خو شحالی کی ضمانت ، کسانوں کو مضبوط اور خودمختار بنا کر ہی پاکستان کو خودکفیل، مستحکم اور خوشحال ریاست بنایا جا سکتا ہے،قائم مقام چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی، قومی غذائی تحفظ اور دیہی خوشحالی کا انحصار براہِ راست کسانوں کی محنت، قربانی اور عزم پر ہے،کسان ملک کے وہ خاموش محسن ہیں جو دن رات خون پسینہ بہا کر قوم کے لیے خوراک مہیا کرتے اور معیشت کی بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔ کسانوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی، قومی غذائی تحفظ اور دیہی خوشحالی کا انحصار براہِ راست کسانوں کی محنت، قربانی اور عزم پر ہے،کسان ملک کے وہ خاموش محسن ہیں جو دن رات خون پسینہ بہا کر قوم کے لیے خوراک مہیا کرتے اور معیشت کی بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔ کسانوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جہاں لاکھوں خاندانوں کا روزگار زراعت سے جڑا ہوا ہے اور کسان ملکی برآمدات، دیہی معیشت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی زرعی اجناس کی مانگ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے کسان محدود وسائل کے باوجود بہترین پیداوار حاصل کر رہے ہیں۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ کسانوں کی حقیقی بہتری کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی، معیاری بیج، کھاد اور زرعی ادویات کی بروقت دستیابی، پانی کی منصفانہ تقسیم، آسان قرضوں، فصلوں کی انشورنس اور مؤثر زرعی توسیعی خدمات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق اور جدت کو فروغ دے کر زرعی لاگت میں کمی اور پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غیر متوقع بارشیں، سیلاب، خشک سالی اور بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات نے کسانوں کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے جامع، پائیدار اور کسان دوست پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے۔

سیدال خان نے کہا کہ پارلیمان کسانوں کے حقوق کے تحفظ، زرعی شعبے کی مضبوطی، منڈیوں تک بہتر رسائی اور زرعی ویلیو چین کو مؤثر بنانے کے لیے قانون سازی اور نگرانی کے عمل کے ذریعے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسانوں کو بااختیار بنانا ریاست کی اولین ترجیح ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کسان کی خوشحالی دراصل قومی خو شحالی کی ضمانت ہے اور کسان کو مضبوط اور خودمختار بنا کر ہی پاکستان کو ایک خودکفیل، مستحکم اور خوشحال ریاست بنایا جا سکتا ہے۔