اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):کسٹمز پراسیکیوٹرز کی استعداد کار میں اضافہ کے لیے وزارت قانون و انصاف کے زیر اہتمام تین روزہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر کسٹمز پراسیکیوٹرز کی استعداد کار میں اضافہ کے لیے وزارت قانون و انصاف کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے تعاون سے منعقدہ تین روزہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر ہوگیا ہے۔پروگرام کے تحت پہلے دو تربیتی سیشن اسلام آباد اور لاہور میں منعقد کیے گئے، جس میں کے پی اور جی بی کے شرکاء بھی تھے۔ یہ ایونٹ سیریز کی آخری تربیتی نشست تھی ۔
تربیتی سیشنز میں مختلف اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا، جس سے شرکاء کو قابل قدر معلومات اور مہارتیں ملیں، اس پروگرام میں تجارت پر مبنی منی لانڈرنگ کے سیشنز شامل تھے، جن میں مالیاتی جرائم اور کسٹم کی سرگرمیوں کے سلسلے میں بات چیت کی گئی تھی۔کراچی میں منعقدہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ویلیوایشن اور چیف کلکٹر ایکسپورٹ کراچی محمد صادق تھے۔
انہوں نے ملک بھر میں وزارت قانون و انصاف اور کسٹمز میں کام کرنے والے پراسیکیوٹرز اور تفتیش کاروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے وزارت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس اقدام میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف کے کردار اور قانونی پریکٹس میں بہترین کارکردگی کو فروغ دینے کے ان کے عزم کا اعتراف کیا۔ انہوں نے ملک بھر میں قانونی پیشہ ور افراد کی مہارتوں اور صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مستقبل میں بھی اسی طرح کے تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی تجویز دی۔