اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):کلکٹریٹ آف کسٹمز گڈانی نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تقریباً ایک ارب روپے مالیت کی منشیات اور سمگل شدہ سامان قبضے میں لے لیا۔ہفتہ کو ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ گڈانی نے ساحلی پٹی اور آر سی ڈی ہائی وے پر اسمگلنگ کے خلاف اپنی مہم تیز کر تے ہوئے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ارماڑہ، …
کسٹمز گڈانی کی کارروائی، ایک ہفتے میں 1 ارب روپے مالیت کی منشیات اور سمگل شدہ سامان ضبط

مزید خبریں
اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):کلکٹریٹ آف کسٹمز گڈانی نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تقریباً ایک ارب روپے مالیت کی منشیات اور سمگل شدہ سامان قبضے میں لے لیا۔ہفتہ کو ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ گڈانی نے ساحلی پٹی اور آر سی ڈی ہائی وے پر اسمگلنگ کے خلاف اپنی مہم تیز کر تے ہوئے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ارماڑہ، کھرکھیرا اور حب میں اسپیشل اسمگلنگ پریوینشن اسکواڈ کی فیلڈ فارمیشنز کی مربوط کارروائیوں کے نتیجے میں منشیات، ممنوعہ اشیاء، اسمگل شدہ زرعی پیداوار اور غیر قانونی ایرانی تیل و ڈیزل پکڑا ہے۔
ہفتے کے دوران کی گئی کارروائیوں میں کسٹمز گڈانی نے چیک پوسٹ کھرکھیرا، وندر پر ایک کنٹینر سے 188 کلو گرام چرس برآمد کر کے ایف آئی آر درج کر لی گئی ۔خرخیرہ چیک پوسٹ پر ایک مسافر بس پکڑی گئی جس میں سات کروڑ روپے مالیت کا متفرق اسمگل شدہ سامان تھا۔اسی طرح اسپیشل سمگلنگ پریوینشن اسکواڈ کی طرف سے انٹیلی جنس کی بنیاد پر چھاپہ مارا گیا جس میں تقریباً 76 ٹن سمگل شدہ انار لے جانے والے چار ریفریجریٹڈ کنٹینرز (ریفرز) کو ضبط کیا گیا ۔ پکڑے گئے اناروں کی نیلامی سے تقریباً دو کروڑ پچاس لاکھ روپے کا ریونیو قومی خزانے میں جمع کرایا گیا۔
اورماڑہ میں چودہ ہزار لیٹر اسمگل شدہ ایرانی تیل لے جانے والی مسافر بسوں کو روکا گیا اور حب کے علاقے باوانی میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر دس ہزار چھے سو پچاس لیٹر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل قبضے میں لے لیا گیا۔ مزید برآں، دو کروڑ چالیس لاکھ کی ایک اور ضبطی کی گئی جس میں فلیڈ انفورسمنٹ یونٹ خضدار نے اسمگل شدہ پوست کے بیج لے جانے والا ایک ہینو ٹرک پکڑا۔ایف بی آر سمگلنگ کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور ملک بھرسے غیر قانونی تجارت کے تدارک، قومی محصولات میں اضافہ اور ملکی معاشی تحفظ کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔








