کسی بھی ادارے کوممکنہ مالی بے ضابطگیوں سے بچانے کیلئے آڈیٹرز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،ڈائریکٹر جنرل آڈٹ پاور

94

فیصل آباد۔ 07 مارچ (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل آڈٹ پاور شیخ ندیم امجدنے کہاکہ کسی بھی ادارے کی کارکردگی کو مزید نکھارنے اور اسے ممکنہ مالی بے ضابطگیوں سے بچانے کیلئے آڈیٹرز کا کردار انتہائی اہم نوعیت کا ہے جبکہ کمپنی کے اکاؤنٹس کو دیکھنا اور اسے بین الاقوامی نوعیت کے آڈٹ سٹینڈرڈزکے مطابق استوار کرنا شعبہ آڈٹ کی ذمہ داری ہے۔فیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے فیسکو کے اکاؤنٹس،آڈٹ اورفنانشل ریکارڈ کو لائق تحسین قراردیااور کہا کہ فیسکو لاسز کو کم کرنے اور ریکوری بڑھانے، صارفین کے اطمینان کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابل تقلید ہیں۔

قبل ازیں چیف ایگزیکٹوفیسکو انجینئر محمد عامر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیسکو نے ریکوری اور لاسز میں نیپرا کے متعین کردہ اہداف کو حاصل کر لیا ہے نیزکمپنی میں کارپوریٹ کلچر کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں جس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فوقیت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صارفین کی شکایات کے ازالے اور انہیں کوالٹی سروس کی فراہمی کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ریجنل کسٹمرسروسز اور موبائل ایپ فیسکو لائیٹ متعارف کرائی گئی ہے جس کے ساتھ ساتھ شعبہ ہیومن ریسورسز، آڈٹ اور لیگل کوبھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کو بہترین سروسز کی فراہمی کیلئے تقسیمی سسٹم میں خاصی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ گرڈز اور لائنوں کوبھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیسکو شعبہ آڈٹ میں بھی جدید اور انٹرنیشنل سٹینڈرڈز پر عمل پیرا ہے۔ اجلاس میں چیف آف آڈٹ نذیر احمد، جی ایم ٹیکنیکل عامر محبوب الٰہی، ڈی جی ایڈمن اطہر ایوب چوہدری، پی ڈی کنسٹرکشن ابرار احمد، پی ڈی (جی ایس سی) محمد راشد، ڈائریکٹرا یس اینڈ آئی فیسکو سید محمد سلیم شاہ، پی ڈی (جی ایس او) راؤ محمد علی،سٹاف آفیسر عابد رشیداورآپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز نے شر کت کی۔