کسی بھی ملک کی آبادی عوام کے معیار زندگی، روزگار کے مواقع اور معاشی خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے، گورنربلوچستان

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی آبادی بنیادی طور پر عوام، ان کے معیار زندگی، روزگار کے مواقع اور ان کی معاشی خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے۔

کوئٹہ۔ 24 جولائی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی آبادی بنیادی طور پر عوام، ان کے معیار زندگی، روزگار کے مواقع اور ان کی معاشی خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے۔

انہوں نے کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں عالمی یوم آبادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ فیملی پلاننگ کے حوالے سے شعور و آگہی مہم کو ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کی سطح تک وسعت دی جائے اور آبادی میں بےتحاشہ اضافہ کو کنٹرول کرنے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں تاکہ ہم پاکستان اور بلوچستان کی آبادی کو دیرپا امن، خوشحالی اور معاشی ترقی کے ایک طاقتور انجن میں تبدیل کریں۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر پرنس آغا عمر احمدزئی اور ان کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان پورے خطے کے سب سےزیادہ نوجوان آبادی والا ملک ہے ،پاکستان کے مستقبل کا انحصار اس بات پر نہیں ہوگا کہ ہمارے پاس کتنے لوگ ہیں۔

زیادہ اہم یہ ہے کہ ہم انہیں کتنی معیاری تعلیم دیتے ہیں، ہم کتنے موثر طریقے سے انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرتے ہیں، کتنی کامیابی سے ہم روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں اور ہم انہیں قومی ترقی میں حصہ ڈالنے کےلئے کتنے اعتماد کے ساتھ بااختیار بناتے ہیں۔ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ ہماری پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں نے سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز شروع کئے ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ اس موقع پر کثرتِ آبادی سے متعلق پروگرام منتظمین اور شرکا میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میرعاصم کرد گیلو، پارلیمانی سیکرٹری پرنس آغا عمر احمدزئی، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نواز کبزئی، صوبائی سیکرٹری ظفر بلیدی،سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ، بی آر ایس پی کے چیئرمین ملک انور سلیم کاسی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید اور ڈائریکٹر گورنر سیکرٹریٹ عطاء الرحمٰن خلجی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔

مزید خبریں