پرواز کارڈ سکیم سے 45 ہزار ہنرمند نوجوانوں کے لیے بیرون ملک روزگار کی راہ ہموار

پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی ایف) نے حکومت پنجاب کے محکمہ سکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ (ایس ڈی اینڈ ای ڈی) کے تعاون سے اسلام آباد میں پرواز کارڈ سکیم کے تحت بیرون ملک روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز (او ای پیز) کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔

راولپنڈی۔24جولائی (اے پی پی):پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی ایف) نے حکومت پنجاب کے محکمہ سکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ (ایس ڈی اینڈ ای ڈی) کے تعاون سے اسلام آباد میں پرواز کارڈ سکیم کے تحت بیرون ملک روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز (او ای پیز) کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔اجلاس کا مقصد لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ساتھ تعاون کو مزید موثر بناتے ہوئے پنجاب کے ہنرمند اور نیم ہنرمند نوجوانوں کے لیے محفوظ، قانونی اور باعزت بیرون ملک ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ کرنا تھا۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’ہنرمند نوجوان اقدام‘‘ کا حصہ ہے۔

تقریب میں وزیراعلیٰ کی ٹاسک فورس برائے سکلز ڈویلپمنٹ کے چیئرپرسن عدنان چٹھہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، گجرات، کھاریاں، منڈی بہائوالدین، مردان اور کوئٹہ سے 41 سے زائد لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز بھی شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران پی ایس ڈی ایف حکام نے پرواز کارڈ سکیم پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اہلیت، درخواست کے طریقہ کار، تصدیقی عمل، مالیاتی انتظامات اور مختلف اداروں کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پی ایس ڈی ایف، محکمہ سکلز ڈویلپمنٹ، بینک آف پنجاب اور اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے درمیان باہمی رابطے اور آپریشنل تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔حکام کے مطابق پرواز کارڈ پروگرام کے تحت بینک آف پنجاب کے اشتراک سے پنجاب بھر کے 45 ہزار ہنرمند اور نیم ہنرمند نوجوانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ بیرون ملک ملازمت ملنے کے بعد روانگی سے قبل کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔

اس سکیم سے نوجوانوں کو تعمیرات، مہمان نوازی اور صحت کے شعبوں سمیت مختلف بین الاقوامی شعبوں میں روزگار حاصل کرنے میں مالی معاونت میسر آئے گی۔تقریب میں سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی منعقد ہوا جس میں شرکا نے آپریشنل مسائل، مارکیٹ کی ضروریات، باہمی تعاون اور بیرون ملک روزگار کے نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس برائے سکلز ڈویلپمنٹ کے چیئرپرسن عدنان چٹھہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نوجوانوں کے روشن مستقبل اور ان کے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرواز کارڈ پروگرام ہنرمند نوجوانوں کو باعزت بیرون ملک روزگار کے حصول میں معاون ثابت ہوگا اور ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 

مزید خبریں