
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کسی خاص شخصیت کے لئے قانون سازی کا تاثر غلط ہے، مجوزہ قانون سازی وسیع تر عوامی مفاد کے لئے ہے، اجتماعی سوچ سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اتوار کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فوری فراہمی کے لئے بڑی دیر سے اصلاحات کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی، اس حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ کسی خاص شخصیت کے لئے قانون سازی کی جا رہی ہے، مجوزہ قانون سازی وسیع تر عوامی مفاد کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیسز کو نمٹانے میں کئی کئی دہائیاں لگ جاتی ہیں، عوام کو ان کی دہلیز پر سستے اور فوری انصاف کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے اور حکومتی اتحادی مل کر بیٹھے ہیں، بلاول بھٹو زرداری اور اسحاق ڈار نے چارٹر آف ڈیموکریسی کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملات قومی نوعیت کے ہیں اور ان سے پوری قوم کا فائدہ ہونا چاہئے، کئی مرتبہ کاز لسٹ جاری نہیں ہوتی، نوٹس نہیں دیئے جاتے اور آرڈر جاری ہو جاتے ہیں، اس حوالے سے توازن برقرار رکھنے کا نظام ہونا چاہئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ کے ممبران موجود ہیں، ترمیم سے پوری قوم کا فائدہ ہونا چاہئے، اجتماعی سوچ سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئینی ترمیم کے لئے پرامید اور پرعزم ہیں، نمبر گیم کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا- مولانا فضل الرحمان ہمارے پرانے اتحادی اورساتھی ہیں، اچھی خبریں آئیں گی۔