کسی کو بھی ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیدیا گیا ہے، آئندہ چند دنوں میں سپریم کورٹ میں ٹی ایل پی کو تحلیل کرنے کا ریفرنس دائر کیا جائے گا، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

105

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کسی کو بھی ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیدیا گیا ہے، آئندہ چند دنوں میں سپریم کورٹ میں ٹی ایل پی کو تحلیل کرنے کا ریفرنس دائر کیا جائے گا، حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے، این اے 249 کراچی کے الیکشن کے حوالے سے پرامید ہوں، تحریک انصاف کے امیدوار اس الیکشن میں کامیاب ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پوری کوشش کی کہ بات چیت کے ذریعے سارے معاملات حل کر لئے جائیں مگر ان کے ارادے خوفناک تھے، وہ تین دفعہ پہلے آ چکے تھے، چوتھی مرتبہ بھی آنے پر بضد تھے، ہم نے ملک میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے ساری کاوشیں اور کوششیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ 580 پولیس والے زخمی ہوئے ہیں اور 30 گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں، ٹی ایل پی کے احتجاج کے دوران پولیس فورس کا کردار قابل تعریف ہے، ملک بھر میں ٹی ایل پی کی جانب سے بلاک کئے جانے والے 192 مقامات کو کلیئر کروا لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعد رضوی کو بھی جماعت کے کالعدم قرار دیئے جانے کا نوٹس بھیج دیا گیا ہے، اب ہم اس معاملے کو سپریم کورٹ لے کر جائیں گے، تحریک لبیک پاکستان ایک سیاسی جماعت بھی ہے اور کراچی میں اس کے ایم پی ایز بھی ہیں، ٹی ایل پی کے اراکین اسمبلی کے حوالے سے فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آئینی طور پر ٹی ایل پی کو تحلیل کرنے کے لئے جو ریفرنس سپریم کورٹ میں داخل کیا جائے گا اس میں اس میں ان ساری چیزوں میں احتیاط برتیں گے تاکہ ہر وہ شخص جو اس جماعت سے وابستہ ہے وہ آنے والے دنوں میں کسی نئے نام یا کسی نئی شکل میں دوبارہ اپنے آپ کو پیش نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ این اے 75 ڈسکہ مسلم لیگ (ن) کا حلقہ رہا ہے، گزشتہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار تقریباً 40 ہزار ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے جبکہ اب ہونے والے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) صرف دس ہزار ووٹوں سے یہ سیٹ جیتی ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی عوام میں مقبولیت میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان پرائس کنٹرول کے حوالے سے ہر دوسرے دن میٹنگ کر رہے ہیں، بہت جلد مہنگائی کے مسئلہ پر قابو پا لیا جائے گا، یوٹیلٹی سٹورز پر عوام کو ارزاں نرخوں پر چینی، آٹا اور دیگر اشیاء خورد و نوش دستیاب ہیں۔