کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ کشمیر پر تقریب کا انعقاد

373
یوم سیاہ کشمیر

کوئٹہ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):ملک کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع جھل مگسی میں بھی کشمیری بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اور بھارتی جارحیت کے خلاف سرکاری سطح پر یوم سیاہ کشمیر کے طور پر منایا گیا۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جھل مگسی عبدالمجید جونیجو، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جھل مگسی عبدالحفیظ کھوسہ ، فاریسٹ آفیسر جھل مگسی عابد علی ، چیف آفیسر ضلع کونسل ذوالفقار علی لاشاری ، ودیگر ہیڈز آف لائن ڈپارٹمنٹس، اساتذہ کرام ، سول سوسائٹی، صحافی حضرات اور اسکولوں کے طلبائ کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جھل مگسی عبدالمجید جونیجو نے تقریب کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کے مسلمان بہن بھائیوں کو 5 اگست 2019 سے جبری لاک ڈاؤن اور کرفیو کا سامنا ہے ، بھارتی افواج اور آر ایس ایس کی غنڈہ گردی اور ناروا سلوک و سفاکانہ کارروائیاں آج بھی کشمیریوں کیساتھ جاری ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام پر بیلٹ گنوں کا استعمال خواتین کی بے حرمتی اور انٹرنیٹ بندش جیسے مسائل کا سامنا ہے ،

انڈین فوج کی جانب سے کشمیری بہن ،بھائیوں پر انسانیت سوز سلوک کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و زیادتیاں ختم کرکے کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کی جائے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے منظور کردہ قرادادوں کیمطابق حل کیا جائے۔ بعد ازاں کشمیری مظلومین کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے فلک شگاف نعروں میں ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا۔