اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ اقدامات قابل مذمت ہیں ،عالمی سطح پر اس تنازعہ کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے اور دنیا کی توجہ وادی میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی طرف مبذول کرانے کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ 5 اگست کو منائے جانےوالےیوم استحصال کےحوالے سے
”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر 75 سال سے حل نہیں ہو سکا، عالمی سطح پر اس تنازعہ کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے اور دنیا کی توجہ وادی میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی طرف مبذول کرانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہم آخری دم تک یہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اسلامی اور اخلاقی فرض بنتا ہے کہ ہم مظلوم کشمیریوں کے لئے دنیا کے ہر فورم پر نہ صرف آواز بلند کریں بلکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ہر ممکن حد تک کوشش کریں ۔خورشید شاہ نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنےکی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معصوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے ،
اس کے سدباب کے لئے ہمیں انسانیت کے نام پر عالمی برادری کے ضمیر کو بیدار کرنے اور تنازعہ کے پائیدار اور پرامن تصفیہ کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگانا ہوگا انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی موثر آواز بننے کے لئے ہمیں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو جیسا طرز عمل اختیا رکرنا ہوگا