اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ کے حوالے سے منگل کو وزارتِ خارجہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، پاکستان میں تعینات مختلف ممالک کے سفراء،وزارت خارجہ کے افسران اور طلباء اور طالبات نے شرکت کی۔تقریب سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،وفاقی وزیر برائے اطلاعات سینیٹر شبلی فراز ،چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی ،پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ عندلیب عباس نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر روشنی ڈالتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر یوم سیاہ کے حوالے سے اسلام آباد کے مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات کے مابین مضمون نویسی، آرٹ اور تقاریر کے مقابلوں کا انعقاد ہوا-ان مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے مابین انعامات تقسیم کئے گئے۔تقریب کے آخر پر وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کے ہمراہ تصویری نمائش ملاحظہ کی اور کشمیر کے حوالے سے بچوں کے بنائے ہوئے فن پاروں کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر وزیر خارجہ نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شمعیں روشن کیں۔