کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرنے پر آزادکشمیر قانون اسمبلی کا وزیر اعظم شہباز شریف کو خراج تحسین

86
کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرنے پر آزادکشمیر قانون اسمبلی کا وزیر اعظم شہباز شریف کو خراج تحسین

مظفر آباد۔5جون (اے پی پی):آزادجموں وکشمیر قانون اسمبلی نے کشمیریوں کی آزادی کے لیے آواز بلند کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی حمایت میں قرارداد کی متفقہ منظوری دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان سے اظہار تشکر کرتا جنہوں نے بحیثیت وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان تمام انٹرنیشنل فورمز پر کشمیریوں کی آزادی کے لیے آواز بلند کی جو ان کی کشمیر کے ساتھ گہری وابستگی کا مظہر ہےجس پر یہ ایوان انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کرتاہے

،وزیر اعظم پاکستان نے حال ہی میں آزاد کشمیر کی عوام کو سستی بجلی اور سستا آ ٹا مہیا کرنے کے لیے 23ارب روپے کی خطیر رقم جاری کی جس پر یہ ایوان ان کا شکریہ ادا کرتا ہے ا ور ان کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے ممبر اسمبلی شاہ غلام قادر کی جانب سے پیش کی گئی قرارد اد میں میاں محمد نواز شریف کو مسلم لیگ( ن) کا صدر منتخب ہونے پر بھی مبارک باد پیش کی گئی ،

معزز ایوان کی رائے میں میاں محمد نواز شریف نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی ہمیشہ حمایت کی ہے اور وہ اب بھی توقع کرتے ہیں کہ بحیثیت صدر مسلم لیگ ( ن) کشمیر کی تحریک آزادی کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ میاں محمد نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں بحیثیت وزیر اعظم پاکستان ، آزادکشمیرکی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کیاہے جس کے لیے پوری کشمیری قوم ان کی شکر گزار ہے ۔

انھوں نے مملکت خداداد پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور پاکستان کوہمیشہ کے لیے دشمن کے ناپاک عزائم سے محفوظ کر لیا۔ یہ ایوان مریم نواز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہے اور یہ توقع کرتا ہے کہ مریم نواز شریف پنجاب کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔ قرارداد کو ایوان نے متفقہ طور پر منظو ر کر لیا۔