کشمیری بھار تی قبضہ کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں،محمد یوسف نقاش

50

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):جموں وکشمیر اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چئیرمین محمد یوسف نقاش نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں غیر قانونی فوجیں اتارنے اور قبضہ کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں،72 اکتوبر 1947 کا دن کشمیریوں کی تاریخ کا بدترین اور سیاہ ترین دن ہے۔

منگل کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ جب سے بھارت نے اپنے ناپاک قدم کشمیر کی سرزمین پر رکھے تب سے کشمیریوں کے خلاف مظالم کاسلسلہ جاری ہے۔

کشمیر میں ماورائے عدالت اور جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو مارے جانے کے واقعات پر انہوں نے کہا کہ حال ہی میں شوپیاں ضلع کے علاقے زینی پورہ میں ایک معصوم محنت کش کو شہید کردیا گیا،کوٹ بھلوال جیل سے ایک نوجوان مصطفے کو لاکر ضلع پونچھ میں قتل کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے کشمیر کو ذبحہ خانہ بنا دیا ہے۔گرفتاریاں، خوف وہراس اور عوام کو تشدد کا نشانہ بنانا معمول بن چکا ہے،انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ کشمیر کا مقصد دنیا کو یہ تاثر تھا کہ کشمیری تھک ہار چکے ہیں اور انہوں نے جدوجہد آزادی کو ترک کردیا ہے تاہم ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی میں بھارت کی عبرتناک شکست پر کشمیریوں کے جشن نے اس کے کئے کرائے پر پانی پھیر دیا۔

جیوے جیوے پاکستان کے نعرے کشمیریوں کی بھارت سے نفرت کا واضح اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا جذبہ بلند ہے اور وہ بھارت کی تمام مکروہ چالوں کو ناکام کردیں گے۔