اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی ٹی وی) مقبوضہ کشمیر کی بھارتی آئین میں دی گئی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کا بھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدام کا ایک سال مکمل ہونے پر اے پی پی ٹی وی نے اس حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے, جس میں معتبر قومی سیاسی قائدین اور مقبوضہ کشمیر و آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں اور شخصیات کے مختصر انٹرویوز نشر کئے جارہے ہیں۔ اے پی پی انتظامیہ کے مطابق ان پروگراموں کا مقصد اپنی قومی ذمہ داری ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ پیغام دینا بھی مقصود ہے کہ حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام اپنے ان مظلوم کشمیری بھائیوں کو بھولے نہیں ہیں اور ان کے مصائب اور ان پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف اپنا کردار عالمی سطح پر آواز بلند کرکے ادا کررہے ہیں۔اے پی پی ٹی وی پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کا یہ سلسلہ رواں ہفتے شروع کیا گیاہے جو پانچ اگست کے بعد تک جاری رہے گا۔اے پی پی ٹی وی کے پروگراموں کے اس خصوصی سلسلےمیں اب تک آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان, وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر, وفاقی وزراء علی امین گنڈاپور, سید فخر امام, علی محمد خان، سرتاج گل کے علاوہ ممتاز قومی شخصیات و اراکین پارلیمنٹ سینیٹر سراج الحق, مشاہد حسین سید,علی اقبال, بیرسٹر سلطان محمود, سردار عتیق احمد خان,نوید قمر, رحمان ملک,رکن قومی اسمبلی شاہدہ پروین, مشال ملک سمیت دیگر کئی شخصیات کے انٹرویوز نشر کئے جا چکے ہیں اور قومی شخصیات سے انٹرویوز کا یہ سلسلہ جاری ہے۔