مظفرآباد۔3اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان نے ہدایت کی ہے کہ کشمیری مہاجرین کے گھروں کی تعمیر کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائے، کشمیری مہاجرین کی آبادی کاری حکومت کی اولین ترجیح ہے، گزارا الائونس میں اضافہ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں، مسئلہ کشمیر پر لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے آزاد کشمیر کی کل جماعتی کانفرنس بلائی ۔
بدھ کو مظفرآباد کے ایک روزہ دور ہ کے دوران مہاجرین کیمپ میں کشمیری مہاجرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود شاندار استقبال پر اپنے مہاجرین بھائیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب سے ہونےوالے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے آزاد کشمیر آئے ہیں، مہاجرین کی امداد میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیر کا مقدمہ ہر پاکستانی کا مقدمہ ہے، تکمیل پاکستان کی جدوجہد میں ہر پاکستانی آپ کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دنیا کے تمام فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکا ، یورپ اور ایشیا سمیت تمام دنیا میں مسئلہ کشمیر پر بھرپور انداز میں بات کی۔ مشیر امور کشمیر نے مہاجرین کو بتایا کہ مالی مشکلات کے باوجود مہاجرین کے 1314 گھروں کی تعمیر کے لئے 3 ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں، کشمیری مہاجرین کی آبادکاری ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گھروں کی تعمیر سے متعلق ٹینڈرنگ کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔
مشیر امور کشمیر نے کہا کہ مہاجرین کے گزارا الاؤنس میں اضافہ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، اس سلسلے میں آزاد کشمیر حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں ، مسئلہ کشمیر پر لائحہ عمل ترتیب دینے کے لئے آزاد کشمیر کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی، مستقبل میں آزاد کشمیر کے ریٹائرڈ ججز ، بار کونسلز اور یونیورسٹیز سے بھی مشاورت کریں گے ، پاکستان کی تمام یونیورسٹیز میں کشمیر چئیر کے قیام کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔
انہوں نے کشمیریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود تکمیل پاکستان کی پر عزم جدوجہد پر پاکستانی قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے۔ مشیر امور کشمیر نے مہاجرین کیمپ میں بارشوں سے متاثر ہونے والے گھروں کا جائزہ بھی لیا۔