اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا ہے کہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم کا موقف ایک ہے، ماضی کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کیا، کشمیر اور فلسطین کے لئے ہمیں متحد ہو کر آواز اٹھانا ہو گی۔
جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا کہ چین کی دوستی پر پوری قوم کا اتفاق ہے، کشمیر کی آزادی کے لئے کشمیریوں کے ساتھ اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، کئی دہائیوں سے کشمیری ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں، پاکستان نے ہر فورم پر ان کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت آواز بلند کی، سابق حکومت نے کشمیریوں کے ساتھ ظلم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت کی ناکام کشمیر پالیسی کے باعث بھارت نے کشمیریوں کو اپنے گھروں میں قید کر رکھا ہے، ان کو انسانی حقوق میسر نہیں، پارلیمنٹ نے ثابت کیا کہ کشمیر پر پاکستانیوں کا ایک موقف ہے، اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، ماضی کی حکومت کا ایجنڈا اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم کرنا اور کشمیر کے ایجنڈے کو متنازعہ بنانا ہے،
موجودہ سیاسی قیادت نے ان عزائم کے خلاف اپنی جنگ لڑی جب فارن فنڈنگ سے وجود میں آنے والی پارٹیاں اور سیاستدان اقتدار تک رسائی حاصل کریں گے تو ملک کی سیاست متنازعہ ہو گی، معیشت اور اخلاقیات دفن ہو گئی، ایف اے ٹی ایف کی قانون سازی پر جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مخالفت کی، اس کا مسودہ ماضی کی حکومت نے پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا، موجودہ حکومت یہ مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کرے اور عوامی مفاد میں اس میں تبدیلیاں لائیں گے، کمیٹی بنا کر عوامی مفاد میں ماضی کی حکومت کی قانون سازیوں کو منسوخ کیا جائے، ہم نے سٹیٹ بینک سے متعلق قانون سازی کی مخالفت کی،
سٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا، پاکستان دنیا میں خود مختار اور آزاد ریاست کی حیثیت سے امت مسلمہ کی نمائندگی کر سکے، ملکی معیشت میں بتدریج بہتری لائیں گے، پاکستان ایٹمی ملک ہے، یہ امت مسلمہ کی نمائندگی کرے گا، ریاست مدینہ کا نام لینے والوں نے اس کے لئے کچھ نہیں کیا، مذہب کارڈ کے طور پر استعمال کیا، کشمیری عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، صرف کشمیر کارڈ استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے لئے ہمیں متحد ہو کر آواز اٹھانا ہو گی، پارلیمنٹ متفقہ طور پر یہ اعلان کرے کہ فارن فنڈنگ سے متعلقہ ادارہ ایک ہفتے میں اس معاملے کا فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم وزیراعظم شہباز شریف کی پشت پر کھڑی ہے، پسماندہ علاقوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کو شہید کیا گیا لیکن ہم نے اس پر سیاست نہیں کی، آپ کس بنیاد پر غداری کے سرٹیفکیٹس بانٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی کی، پارلیمنٹ نے حکومت کرنی ہے جو عوام کی نمائندہ حکومت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھنا ہو گی، خلاف ورزی کرنے والوں سے ہر صورت نمٹنا ہو گا، ہماری جماعت نے احتجاج اور مظاہرے کئے اور دنیا کو امن کا پیغام دیا، ہم نے ہمیشہ بندوق اٹھانے والوں کی مخالفت کی، ہم صرف آئین کی بالادستی کے خواہاں ہیں۔