کلرسیداں۔ 16 جون (اے پی پی):سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کلیام اعوان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ اس موقع پر جہلیاری معظم شاہ اور صدر پی پی کلیام سہیل ملک کی رہائش گاہ پر کارکنوں اور مقامی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔سابق وزیراعظم نے اپنے خطابات میں کہا کہ ’’بھارت جسے اپنی طاقت پر بڑا گھمنڈ تھا، اسے ہماری بہادر افواج نے مٹی میں ملا دیا۔ پاکستان اور بھارت کی جنگ کسی ایک مذہب، فرقے یا طبقے کی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی جیت تھی۔‘‘انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے معاشرے میں نفرتیں پھیلانے کا ذریعہ بن چکا ہے۔ اسرائیل، جس کی آبادی محض 93 لاکھ ہے، اس نے ہمارے برادر اور ہمسایہ ملک ایران پر حملہ کرکے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
اس کو روکنا ہو گا، اور اب صرف بیانات یا قراردادیں نہیں، بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’میری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے۔ میں ووٹ کی پرچی کی طاقت سے اسمبلی میں جاتا ہوں اور کوشش کرتا ہوں کہ آپ کے اعتماد پر پورا اتروں۔ حلقے میں سوئی گیس، بجلی، اربوں روپے کی سڑکوں کی تعمیر، پنجاب یونیورسٹی کا گوجر خان میں قیام—یہ سب آپ کے سامنے ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ گوجر خان کی ترقی کے لیے نادرا دفاتر، پاسپورٹ آفس جیسے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن سے عوام کو سہولت میسر آئی ہے۔ ’’انہوں نے کہا کہ کلیام اعوان بہادروں کی سرزمین ہے، اور ہمیشہ مجھے یہاں سے عزت، وقار اور اعتماد ملا ہے۔ آپ نے ہر وقت میرا ساتھ دیا ہے، اور یہی اعتماد میرے لیے سب سے بڑا سرمایہ ہے۔عوامی اجتماعات سے سابق ناظم یوسی کلیام کرنل (ر) عباس ملک
ملک اخلاق، اور صدر یوسی کلیام سہیل ملک نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے راجہ پرویز اشرف کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور بعض نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔پارٹی کارکنان اور جیالوں نے اپنے مسائل سے بھی سابق وزیراعظم کو آگاہ کیا، جنہیں انہوں نے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔