ماسکو ۔20اگست (اے پی پی):روس نے کہا ہے کہ اس نے امریکی فلم سٹار جارج کلونی اور ان کی انسانی حقوق کی وکیل اہلیہ امل کی فاؤنڈیشن پر پابندی لگا دی ہے، یہ تنظیم روس کو بدنام کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر کام کرتی ہے ۔
آرٹی کے مطابق گزشتہ روز روس کے پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ کلونی فاؤنڈیشن برائے انصاف کی سرگرمیوں کو ہمارے ملک کی سرزمین پر ناپسندیدہ قرار دیا گیا ہے،یہ تنظیم روس کو بدنام کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر کام ، جھوٹے محب وطن افراد اور کالعدم دہشت گرد و انتہا پسند گروہوں کے اراکین کی فعال طور پر حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہالی ووڈ کے کارکنان کی فنکارانہ صلاحیتوں کو سرا ہتے ہیں لیکن انسانی ہمدردی کی آڑ میں یہ انصافی جنگجو اعلیٰ ترین روسی حکام کے خلاف مجرمانہ تحقیقات کرتے ہیں۔
واضح رہے جولائی میں کلونی فاؤنڈیشن نے کئی دیگر غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ مل کر اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی میں ایک مقدمہ دائر کیا جس میں روس پر الزام لگایا گیا کہ وہ 2022 میں وینیتسیا پر میزائل حملے میں ہلاک شدہ یوکرینی باشندوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔