اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے کلی معیشت کے استحکام کے لیے درکار پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے وزیراعظم پاکستان کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں اندرونی اور بیرونی عدم توازن کو دور کرنے کے لیے پالیسی اقدامات پر خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے۔یہ بات آئی ایم ایف کی جانب سے آئی ایم ایف مشن کے دورے کے اختتام پرجاری ہونے والے بیان میں کہی گئی ہے۔
بیان میں کہاگیاہے کہ ناتھن پورٹر کی قیادت میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مشن نے 31 جنوری سے 9 فروری کے دوران اسلام آباد کا دورہ کیا اورآئی ایم ایف کے کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت نویں جائزے کیلئے تحت بات چیت کی۔بیان میں آئی ایم ایف کی کلی معیشت کے استحکام کے لیے درکار پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے وزیراعظم پاکستان کے عزم کا خیرمقدم کیاگیاہے اور تعمیری بات چیت کے لیے پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کیاگیاہے۔
بیان میں کہاگیاہے کہ بات چیت میں پاکستان میں اندرونی اور بیرونی عدم توازن کو دور کرنے کے لیے پالیسی اقدامات پر خاطر خواہ پیش رفت ہوئی۔ پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان بات چیت میں محصولات کیلئے مستقل اقدامات کے ساتھ مالیاتی پوزیشن کو مضبوط بنانا، غیر اہدافی زرتلافیوں میں کمی،
معاشرے کے معاشی طورپرکمزورطبقات اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے سماجی تحفظ کو بڑھانا، زر مبادلہ کی کمی کو بتدریج ختم کرنے کے لیے زر مبادلہ کی شرح کو مارکیٹ کے مطابق کرنا،ر گردشی قرضے کو مزید جمع ہونے سے روکنے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور پالیسیوں کے نفاذپرتوجہ مرکوزکی گئی
۔بیان میں کہاگیاہے کہ پالیسیوں کے نفاذ کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے آنے والے دنوں میں پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل بات چیت جاری رہے گی۔