اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین، سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی کی کارروائیوں میں براہِ راست ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک قلعے کی مانند ہے،
لہٰذا مسلم دشمن طاقتیں اس کے درپے ہیں اور وہ اسے نقصان پہنچانے کاکوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ واحد کے نام پر وجود میں آیا ہے لہذا دشمن طاقتیں اسکے خلاف مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس پاکستانی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔