"کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے حافظ حفیظ الرحمن سے ملاقات، کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال”
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں وفد کی گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حافظ حفیظ الرحمن سے ملاقات

مزید خبریں
گلگت۔16جولائی (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، سابق وزیر اعلیٰ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمن سے ملاقات کی۔
حریت کانفرنس آفس میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق حریت وفد میں جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، سید اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین شاہین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد اور زاہد اشرف شامل تھے۔ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، تحریک آزادی کشمیر، 19 جولائی یوم قرارداد الحاق پاکستان کی مناسبت سے گلگت میں منعقد ہونے والی ریلی مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ 19 جولائی 1947ء کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، جب آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کے پاکستان کے ساتھ تاریخی، نظریاتی اور عوامی رشتے کی علامت ہے جسے ہر سال بھرپور جذبہ ملی کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے، ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے اور یہ جدوجہد اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔حافظ حفیظ الرحمن نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت پر مبنی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ہر مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان 19 جولائی یوم قرارداد الحاق پاکستان کے موقع پر گلگت میں منعقد ہونے والی ریلی میں بھرپور شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکن کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ان تقریبات میں بھرپور انداز میں شریک ہوں گے اور مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کو مزید مضبوط بنانے اور تمام سیاسی و سماجی قوتوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔








