سرینگر ۔20جون (اے پی پی):بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں آباد ی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے غیر قانونی اقدمات سے باز رہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموںوکشمیر میں نئے ارضی قوانین کے نفاذ اور غیر مقامی ہندوﺅں کو علاقے میں زمین خریدنے کی اجازت دینے اور وہاں آباد ہونے کی اجازت دینے کے اقدامات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیدیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ نے متنازعہ علاقے کو تقسیم اوراسکے مسلم اکثریتی تشخص کو تبدیل کرنے کے مذموم بھارتی منصوبوں کو روکنے کیلئے مناسب وقت پر یہ معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے اٹھایا جو لائق تحسین ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے مخلصانہ کوششوں اور اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی سطح پر غیر مشروط حمایت کرنے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے امیدظاہر کی کہ پاکستان کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طر ف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزیوں کو عالمی فورموں پر اٹھاتا رہے گا بلکہ ایک خود مختار ایٹمی ملک کی حیثیت سے کشمیر کے بارے میں اپنے جائز موقف پر سمجھوتہ کیے بغیر بھارتی سامراج کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔