کمانڈرعراقی بحریہ کی سربراہ پاک فضائیہ ظہیراحمد بابرسدھو سے ملاقات

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):کمانڈرعراقی بحریہ، لیفٹیننٹ جنرل احمد جاسم مارِج عبدُاللہ الزید نے بدھ کو سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو سےانکے دفترمیں ملاقات کی۔ ملاقات کےدوران دونوں معزز شخصیات نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق کمانڈرعراقی بحریہ، لیفٹینینٹ جنرل احمد جاسم مارِج عبدُاللہ الزید نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے پاک فضائیہ کی خود انحصاری کےمیدان میں غیرمعمولی ترقی کی تعریف کی۔ ایئرچیف نےکہا کہ پاکستان اورعراق کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اورتاریخی رشتہ استوار ہے جو دونوں ممالک کی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔

ایئرچیف نے مزید کہا کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جوکہ آپریشنزاورٹریننگ، جنگی حکمتِ عملی کے ارتقاء، ٹیکنالوجی کے میدان میں درپیش چیلنجز، کاؤنٹر سیکورٹی کے اقدامات اورعلاقائی امن واستحکام سے متعلق باہمی ہم آہنگی کے تمام امور پرمبنی ہیں۔