فیصل آباد۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):کمشنرسلوت سعید نے کہا ہے کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں سوموار28اکتوبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے سو فیصد اہداف حاصل کئے جائیں ، اس ضمن میں مائیکروپلان کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔انہوں نے انسداد پولیو مہم کے اہداف کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو مہم کی دوہری مانیٹرنگ کی تاکید کی۔دریں اثناء صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر فیصل آباد سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔صوبائی وزیر اور چیف سیکرٹری پنجاب نے آئندہ انسداد پولیو مہم کیلئے موثراور جامع مائیکروپلان پر عملدرآمدکی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ جی آئی ایس بیسڈ نقشوں کی مدد سے انسداد پولیو مہم کی نگرانی کی جائے۔پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے سائنسی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے بعد مسڈ چلڈرن کی کوریج سے متعلق لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔لاہور،راولپنڈی اور فیصل آباد میں مہم تین نومبر جبکہ دیگراضلاع میں یکم نومبر تک جاری رہے گی۔اجلاس میں پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے ویسٹ مینجمنٹ سسٹم آؤٹ سورسنگ کے تحت دیہی یونین کونسلز میں زیروویسٹ پر بریفنگ لی اور کہا کہ کمشنرز آئندہ اجلاس میں آؤٹ سورس ہونے والی تحصیلوں کی یونین کونسلز وائزصفائی شیڈول سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول رومز قائم اور صفائی مانیٹرنگ کے میکنزم کو مضبوط بنایا جائے۔یونین کونسل لیول پر دیہاتوں کوایک بار زیروویسٹ کرکے ریگولر صفائی آپریشن جاری رہنا چاہیے۔یونین کونسلز میں ورکرز اور دستیاب مشینری کے بارے میں بھی آگاہ کریں۔