بھاولپور۔ 27 اگست (اے پی پی):کمشنر بہاول پور دویژن مسرت جبیں نے سیلاب کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے تحصیل حاصل پور میں ہیڈ اسلام، نصیر پور، گنجا بستی، بستی خیرو، بستی آزاد، ٹبی جمال اور شاہ پور کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیلابی علاقے کے معائنہ کے دوران انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر دریائی علاقہ سے آ بادی کے انخلا کا عمل جلد مکمل کیا جائے اور لوگوں کو ان کے مال مویشی سمیت محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔
انھوں نے علاقہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھیں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تلقین کی۔ کمشنر بہاول پور نے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کے نزدیک ریلیف کیمپس قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق سیلاب سے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔