راولپنڈی ۔19فروری (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی سیف انور جپہ ضلعی انتظامیہ مری کی جانب سے بارش اور برف باری کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے مری پہنچ گئے۔اس موقع پر ڈی سی مری آغا ظہیر عباس شیرازی ، اے ڈی سی آر مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز اور دیگر افسران بھی موجود تھے ،
کمشنر راولپنڈی نے سہولت مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ، کمشنر راولپنڈی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ مری نے سیاحوں کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں ۔ سہولت مراکز میں انتظامیہ کی جانب سیاحوں کو مدد اور رہنمائی فراہم کرنے کا کام احسن انداز سے جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاح ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوں سے گرے ہوئے درختوں کو ہٹا دیا گیا ہے ، تمام شاہراہیں آمدورفت کے لیے کھلی ہیں، کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں، کمشنر راولپنڈی نے کنٹرول روم مری کا بھی دورہ کیا ۔
انہوں نے کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی روانی اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیاح موسمی صورتحال سے آگاہی حاصل کر کے مری کا رخ کریں، سیاح ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مثبت تفریح میسر ہو ، بعد ازاں کمشنر راولپنڈی نے ٹی ایچ کیو مری کا دورہ کیا اور ہدایت کی کہ طبی عملہ ہنگامی صورتحال کے لیے ہمہ وقت موجود رہے ، انہوں نے لیبر روم کی حالت زار پر برہمی کا اظہار کیا اور گائناکالوجسٹ کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ۔