کمشنر راولپنڈی کا بینظیر بھٹو ہسپتال کا دورہ، ڈینگی وارڈ میں علاج معالجے کا جائزہ

کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کر کے مختلف شعبوں اور وارڈز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور طبی عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔

راولپنڈی۔19اکتوبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کر کے مختلف شعبوں اور وارڈز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور طبی عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کو معیاری علاج، بروقت طبی امداد اور ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

کمشنر نے خصوصی طور پر ڈینگی وارڈ کا معائنہ کیا اور مریضوں کے علاج معالجے کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کے ضروری ٹیسٹ، بروقت تشخیص اور علاج میں تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے مریضوں کی صحت کی مسلسل نگرانی اور تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔سلمان غنی نے ہسپتال انتظامیہ کو تمام وارڈز میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے، طبی آلات کی فعالیت یقینی بنانے اور ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔