کوئٹہ۔ 19 ستمبر (اے پی پی):کمشنر رخشان شاہ عرفان احمد غرشین کی زیر صدارت بجلی چوری روک تھام کے حوالے ڈویژنل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس رخشان وزیر خان ناصر ، ایس ای کیسکو حسن علی مگسی ، ڈپٹی کمشنر خاران زاہد خان خلجی ، ڈپٹی کمشنر نوشکی میجر ر الیاس کبزئی ، ڈپٹی کمشنر واشک منصور احمد قاضی،ڈپٹی کمشنر چاغی طفیل احمد بلوچ، چاروں اضلاع ایس پیز، واپڈا ہائیڈرو یونین نمائندے اور خاران نوشکی واشک چاغی زمیندار ایکشن کمیٹی نمائندگان شریک رہے،
ڈی آئی جی پولیس رخشان اور ڈویژن اضلاع ایس پیز بدزیعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے، اس موقع پر ایس ای کیسکو نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کیسکو انتظامیہ پولیس اور لیویز کی مدد سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کررہی ہے جبکہ بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کررہے ہیں،
میٹنگ میں شریک زمیندار نمائندوں ،زمیندار ایکشن کمیٹی خاران کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مبارک علی بادینی ، نوشکی زمیندار ایکشن کمیٹی صدر محمد اعظم ماندائی ، میر خورشید جمادینی ودیگر نے کہا کہ ہم کیسکو کو باقاعدگی سے بجلی بل کی ادائیگی کررہے ہیں مگر ہمیں مکمل بجلی نہیں مل رہی ہے، بجلی دورانیہ کم ہونے سے ہماری زمینداری شدید متاثر ہے،کمشنر رخشان شاہ عرفان احمد غرشین نے کیسکو حکام کو بجلی مسائل سے متعلق ضلعی سطح پر زمیندار نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کرنے کی ہدایت کی۔