کمشنر سرگودھا ڈکا تحصیل بھیرہ کا تفصیلی دورہ

112

سرگودھا۔ 09 مئی (اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے تحصیل بھیرہ کے دورے کا آغاز تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سے کیا ، ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ دورے کے دوران کمشنر سرگودھا ڈویژن نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے فراہم کردہ طبی سہولیات، مفت ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

کمشنر نے ہسپتال سٹاف کی حاضری بھی چیک کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج کی معیاری سہولیات اور مفت ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں کمشنر نے اراضی ریکارڈ سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے شہریوں سے براہ راست فیڈبیک لیا اور سروسز کے معیار پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے سینٹر کے انچارج کو شفاف، آسان اور مؤثر انداز میں عوامی خدمات کی فراہمی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔کمشنر جہانزیب اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں تحصیل میں صفائی اور دیگرعوامی خدمات کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ "ستھرا پنجاب پروگرام” کو مؤثر بنانے کے لیے دیہی و شہری سطح پر عوامی فیڈبیک کو بنیاد بنایا جائے گا تاکہ بہتری کے اقدامات کیے جا سکیں۔

بعد ازاں کمشنر نے علی پور سیداں میں قائم موبائل فیلڈ ہسپتال کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف سے فراہم کردہ سہولیات جیسے ادویات، الٹراساؤنڈ، ایکسرے، ای سی جی اور دیگر طبی خدمات کے بارے میں دریافت کیا اور مریضوں سے پراجیکٹ سے متعلق آراء بھی حاصل کیں۔

انہیں بتایا گیا کہ سرگودھا میں اس منصوبے کا آغاز فروری 2024 میں کیا گیا ایک طے شدہ شیڈول کے تحت لانگ وہیکل پر قائم یہ موبائل ہسپتال دیہی علاقوں کے مکینوں کو ان کی دہلیز پر مفت طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے جن میں شوگر، بلڈ پریشر، خون کی کمی، بچوں میں غذائی قلت کا معائنہ اور حاملہ خواتین کے لیے مفید مشورے شامل ہیں۔ اس موقع پر اے ڈی سی ار فہد محمود اور اسسٹنٹ کمشنر بھی موجود تھیں۔