سکھر۔ 17 اپریل (اے پی پی):کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت سکھر حیدر آباد ایم-6 موٹروے سے متعلق لینڈ اکیوزیشن کے معاملات کا جائزے لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر سندھ نیشنل ہائی وے عبداللطیف مہیسر نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ایم-6 موٹروے سے متعلق روینیو اور سروے آفس کے تمام مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں تاکہ موٹروے کا کام شروع ہو سکے۔ اجلاس میں کمشنر سکھر کی جانب سے روہڑی تحصیل انتظامیہ کی تعریف، روہڑی تحصیل انتظامیہ نے کام بروقت مکمل کیا ہے، تمام لینڈ ایکیویزیشن افسران کو انہیں فالو کرنا چاہیے۔
کمشنر سکھر نے اے ڈی سی ٹو خیرپور اقبال حسین جنڈان کو سوبھو دیرو تحصیل میں زمین کے حصول کے معاملات کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سوبھو دیرو میں فارم بی، سیکشن 6 اور سروے سمیت جو بھی مسائل ہوں، ان کے لیے ڈی سی سکھر سمیت تمام سینئر افسران سے رہنمائی لی جائے۔ سوبھو دیرو تحصیل کے 6 دیہوں پر مشتمل 499 ایکڑ سے زائد زمین موٹروے 6 کی حدود میں آ رہی ہے، اس کی کاغذی کارروائی ایک ماہ کے اندر مکمل کر کے ایوارڈ کیے جائیں اور سروے آفس کو ہدایت دی کہ وہ تصدیق شدہ مطلوبہ دستاویزات ایک روز میں اسسٹنٹ کمشنر سوبھو دیرو کو حوالے کریں،اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر سکھر نے زور دیا کہ لینڈ ایکیویزیشن افسران کام کی شفافیت کو یقینی بنائیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ممبر سندھ عبداللطیف مہیسر نے کہا کہ سکھر-
حیدرآباد موٹروے کا کام کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کے لیے اسپیشل ٹاسک ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس بھی تحصیل میں زمینی ایوارڈ پاس نہیں ہوا، لینڈ ایکویزیشن افسران اس میں کسی قسم کی تاخیر نہ کریں تاکہ موٹروے کا کام شروع ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے کے راستے میں جو بھی تعمیرات ہیں ، ان کو این ایچ اے اور لینڈ ایکویزیشن افسران مشترکہ طور پر الرٹ پر رکھیں تاکہ ان کو محدود وقت میں ہٹایا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ میوٹیشن کے بعد زمین کی مالک این ایچ اے بن گئی ہے جس میں کسی قسم کا مسئلہ نہیں آئے گا۔
زمینوں کی پزیشن اور کاغذات این ایچ اے کے حوالے کر دیے گئے ہیں، جبکہ اسٹرکچر کے لیے محکمہ اریگیشن اور پاکستان ریلوے سے الگ الگ این او سیز لی جائیں گی۔اجلاس میں اے ڈی سی ٹو خیرپور اقبال حسین جنڈان، جنرل منیجر ایم-6 زبیر احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ ایم-6 این ایچ اے محمد علی، پی ڈی ایم-6 این ایچ اے سہیل رضا کے علاوہ روہڑی، گمبٹ، کنگری، خیرپور اور سوبھو دیرو کے اسسٹنٹ کمشنرز اور سروے افسران نے شرکت کی۔