کمشنر سکھر کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم سے متعلق اجلاس ، ماحولیاتی نمونے مثبت آنے پر اظہار تشویش

92

سکھر۔ 16 اپریل (اے پی پی):کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم سے متعلق ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مسلسل ماحولیاتی نمونوں کے مثبت آنے پر پولیو ٹیموں سے سخت بازپرس کی گئی ۔ کمشنرنے اجلاس میں کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایچ اوز سمیت ضلعی انتظامیہ اور مقامی سپورٹ ٹیموں کی موجودگی کے باوجود ڈویژن میں مسڈ یا رفیوزل بچوں کے حوالے سے پولیو ٹیموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے ہدایات دیں کہ رفیوزل اور مسڈ بچوں پر زیادہ توجہ دی جائے، تاکہ یونین کونسل سے کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے ۔ جبکہ ہائی رسک یونین کمیٹیوں پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر نئے سرے سے پلان مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی درست ڈیٹا رپورٹنگ کی کاؤنسلنگ کی جائے، جعلی رپورٹنگ سے پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ پولیو کے خاتمے کی مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو ٹھنڈا پانی اور چھتری کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران سکیورٹی کے حوالے سے تیاری مکمل ہے، گزشتہ مہم کو سامنے رکھ کر تیاری کی گئی ہے۔

گزشتہ مہم کے دوران ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کا گرائونڈ میں موجود ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی پولیو مہم میں پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھائی گئی ہے، جہاں ضرورت ہوگی فوری طور پر بھیجے جائیں گے۔ ضلعی سطح پر سکیورٹی کے مسائل ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز مل کر حل کریں۔ جہاں لیڈی کانسٹیبل کی ضرورت ہوگی، فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں ، ڈپٹی کمشنر سکھر ایم بی راجہ دھاریجو، ڈپٹی کمشنر خیرپور فیاض حسین راہوجو، ڈی سی گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی، ڈائریکٹر صحت سکھر ڈاکٹر ندیم، ڈی ایچ او سکھر ڈاکٹر یاسر گبول، ڈی ایچ او گھوٹکی راؤ آفتاب، روٹری انٹرنیشنل کے ڈاکٹر آغا سمیع اللہ کے علاوہ پی پی ایچ آئی، ڈبلیو ایچ او، تعلیم اور صحت کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔