حیدرآباد۔ 28 اپریل (اے پی پی):سکھر حیدرآباد موٹر وے (ایم 6)کی تعمیر کے سلسلے میں زمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حوالے کرنے اورمالکان کو معاوضے کی ادائیگی کے سلسلے میں اجلاس کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنرل منیجر موٹروے ایم 6 زبیر احمد، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن، ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز ارسلان سلیم، پراجیکٹ ڈائریکٹر موٹر وے ایم 6 نیشنل ہائی وی حیدرآباد سہیل احمد، ڈائریکٹر انفارمیشن محمد موسیٰ گوندل، ایکسین ایل بی او ڈی محمد سلمان کے علاوہ سیٹلمنٹ سروے خیرپور اور ضلع شہید بینظیرآباد اور نوشہروفیروز کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ندیم احمد ابڑو نے بتایا کہ محکمہ ریونیوکی جانب سے موٹر وے ایم 6 کی تعمیر کے سلسلے میں کوئی دیر نہیں ہےنیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام اگر چاہے تو ہم کل ہی موٹر وے کی تعمیر میں آنے والی زمین ان کے حوالے کرنے کو تیار ہیں این ایچ اے والے آئیں اور کام شروع کریں۔
اس موقع پر نیشنل ہائی وے موٹر وے ایم 6 اتھارٹی کے جنرل منیجر زبیر احمد نے بتایا کہ اسلامک ڈویلپمنٹ بنک آذربائیجان نے موٹروے کی تعمیر کے لئے فنڈز فراہم کرنے کے لئے کا اعلان کیا ہے لیکن ان کا مطالبہ ہے کہ تمام کاغذی کارروائیاں مکمل کی جائیں اور زمین این ایچ اے کے نام کی جائے اس کے بعد مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مٹیاری اور ضلع نوشہروفیروز میں نیب کی جانب سے 945 ملین کی رکوری کی گئی ہے اور یہ رقم حکومت سندھ کے حوالے کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زمینداروں کو جو غلط ادائیگیاں کی گئی ہیں ان کی ریکوری بھی نیب کریگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں سروسز ایریا اور انٹر چینج کی تعمیر شروع کی جائے گی۔ اس موقع پر اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن نے بتایا کہ موٹر وے کی تعمیر میں آنے والی زمین کے لئے سیکشن 4 جاری ہوگیا ہے اور اسی ہفتے سیکشن 6 بھی جاری ہوجائے گا
انہوں نے مزید بتایا کہ موٹر وے کے لئے زمین کی فراہمی ہمارا کام ہے این ایچ اے والے جلد فنڈز فراہم کریں تاکہ زمین مالکان کو ادائیگیاں کرکے زمین این ایچ اے کے حوالے کی جائے ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں 1380 ایکڑ زمین موٹر وے ایم 6 کے لئے مختص کی گئی ہے اور ایک ہفتے کے اندر گزیٹ نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔ اس موقع پر اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشہرفیروز ارسلان سلیم نے بتایا کہ این ایچ اے والے ضلع نوشہروفیروز میں زمینوں کا معاوضہ کم دے رہے ہیں جبکہ خیرپور اور مٹیاری میں ریٹس زیادہ ہیں ڈپٹی کمشنر نے مطالبہ کیا کہ زمینوں کے ریٹس بڑھائے جائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589056