فیصل آباد ۔ 23 جنوری (اے پی پی):کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے بزنس فسلیٹیشن سنٹر کا دورہ کیا اوربزنس کمیونٹی کو ایک چھت تلے محکموں سے متعلقہ درکار این او سیز کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔گزشتہ دو ہفتوں میں 6 کاروباری افراد کو این اوسیز کا اجراء ہوچکا ہے ، اس عرصہ میں 56 افراد نے سنٹر کا رخ کیااور41 درخواستیں جمع ہوئیں۔کمشنر نے باقی ماندہ درخواستوں پر برق رفتار اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیڈمک کی بزنس کمیونٹی کو بزنس سنٹر کے بارے میں آگاہی دیں جبکہ ہر کاؤنٹر پر محکمہ کی شناخت کا سٹیکر نصب ہونا چاہیے۔
انہوں نے بزنس کمیونٹی کیلئے سنٹر میں دستیاب سہولیات بھی چیک کیں اورکہا کہ صفائی کے اعلی ترین معیار کو ہمہ وقت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کچن کا بھی دورہ کیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ سنٹر کے باہر دستیاب جگہوں پر رنگ برنگے پودے رکھے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو تیز رفتار محکمانہ سروسز کی فراہمی کے ساتھ صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول میسر رہنا چاہیے۔
دریں اثناء کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی زیر صدارت ڈویژنل انوائرمنٹل اپروول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پٹرول پمپ،ویئر ہاؤس،کمرشل بلڈنگز/مارکیٹ،پولٹری فارم،ہسپتال کے مجموعی طور پر21 کیسز کی منظوری کے امور کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر فیصل آباد نے قواعد وضوابط اور درکار شرائط مکمل ہونے پر20 کیسز پر عملدرآمد کی منظوری دے دی۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ ماحولیات اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کرے اورمنظور کئے جانے والے کیسز میں عملدرآمد کے دوران ایس اوپیز کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔