کمشنر فیصل آباد کا مختلف اضلاع کا دورہ، محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت

178
Salut Saeed
Salut Saeed

فیصل آباد ۔ 08 جولائی (اے پی پی):کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے مختلف اضلاع کا دور کیا اورمحرم الحرام کے دوران کئے گئے انتظامی و حفاظتی اقدامات کی جانچ پڑتال اور انہیں مزید چوکس کرنے کے حوالے سے ڈی سی آفس جھنگ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔آر پی او ڈاکٹر محمد عابد خان بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنرجھنگ محمد عمیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد راشد ہدایت نے انتظامی وحفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات میں معمولی سا بھی خلاء باقی نہیں رہنا چاہیے۔

کنٹرول روم یوم عاشور تک 24 گھنٹے فعال اور سٹاف کی موجودگی یقینی بنائیں۔مرکزی جلوسوں کے روٹس اور اہم مجالس کے مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام بلاتاخیر مکمل کر لیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ مانیٹرنگ کے عمل میں کوئی اہم مقام اوجھل نہیں ہونا چاہیے۔ہیلتھ،ریسکیو1122،میونسپل کمیٹی و دیگر محکموں کو ڈیوٹیاں سونپیں اور کڑی نگرانی ہونی چاہیے۔کمشنر نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی کے مثالی انتظامات ہونے چاہیں۔حضرت سخی سلطان باہو کے عرس کی تقریبات کے حوالے سے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات ہر لحاظ سے مکمل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام جلوسوں کے روٹس پر سبیلوں کو چیک کرنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کو متحرک رکھاجائے۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر سیوریج سسٹم کی بحالی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں امن وامان کا قیام ترجیح ہے۔امن کمیٹی کے ارکان سے قریبی رابطہ رکھیں جبکہ ارکان اسمبلی کو بھی محرم الحرام انتظامات اور دوران وزٹس ہمراہ رکھا جائے۔آرپی او نے حفاظتی انتظامات کو باریک بینی سے چیک کیااور کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر واقع چھتوں پر سکیورٹی ڈیوٹی یقینی بنائی جائے۔ تمام سکیورٹی آلات اور واک تھروگیٹس فعال رکھیں۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ اور سی پی او کامران عادل نے تحصیل تاندلیانوالہ کا دورہ کیا اور محرم الحرام جلوسوں کے روٹس کا پیدل چل کر معائنہ کیا۔ایم پی اے جعفر علی ہوچہ،اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سی پی او نے جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر پولیس سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پرمامور اہلکاروں کو چوکس انداز میں فرائض انجام دینے کی تاکید کی۔