کمشنر ملتان ڈویژن کا اندرون شہر کا دورہ ، صفائی صورتحال کا جائزہ لیا

71
Multan Waste Management Company
Multan Waste Management Company

ملتان ۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو علی نے الصبح ضلعی محکموں کے ہمراہ اندرون شہر کا دورہ کیا اور صفائی صورتحال کا جائزہ لیا ۔کمشنرملتان نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افسران کو موقع پر طلب کیا۔انہوں نے اندرون گلیوں میں پیدل چل کر صفائی صورتحال کا جائزہ لیا اور اندرون شہر کی نالیوں کی مکمل صفائی کرانے کے احکامات جاری کیے۔کمشنرنے واسا کو گٹروں کے ٹوٹے ڈھکن تبدیل کرنے اور نکاسی آب یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پوری استعداد کار سے صفائی کی حالت میں بہتری لائے، شہریوں کو حکومتی اقدامات کے ثمرات نظر آنے چاہئیں۔انہوں نےکہا کہ فیلڈ میں خود جا کرحالات دیکھنے پر یقین رکھتی ہوں۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ملتان کے شہریوں کو صفائی،سیوریج کی سروس اور ڈیلیوری میں بہتری نظر آئے گی۔خوشگوار ماحول ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی محکموں کو عوامی خدمت کے لیے کارکردگی مزید بہتر کرنا ہو گی، شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کےلئے محکمے مشترکہ پالیسی ترتیب دیں،علی الصبح دوروں کا مقصد فیلڈ میں موثر مانیٹرنگ سے عوام کو ریلیف فراہم کر نا ہے۔