پشاور۔ 22 نومبر (اے پی پی):کمشنر پشاور ریاض خان محسود کی سربراہی میں ضلع خیبر کی تمام اقوام پر مشتمل مشران کےساتھ جرگے کا انعقاد ڈپٹی کمشنر آفس خیبر میں ہوا جس میں کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور قاسم خان، ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد رائو، ضلعی پولیس سربراہ رائے مظہر اقبال، ممبر قومی اسمبلی ا قبال آفریدی، ممبر صوبائی اسمبلی عبد الغنی آفریدی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احسان اللہ، نعمان علی شاہ،گل نواز، اسسٹنٹ کمشنر و تحصیلداران باڑہ، جمرود، لنڈیکوتل ،سیاسی و سماجی شخصیات، باڑہ، جمرود، لنڈیکوتل ملاگوری اور تیراہ کے قبائلی مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریاض خان محسود نے جرگے میں خیبر کے مشران سے ضلع بھر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور خصوصی طور پر تیراہ اور باغ میدان میں پچھلے دنوں کے واقعات پر تفصیلی بحث کی۔
انہوں نے مشران کے ساتھ گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ضلع خیبر اور تیراہ باغ میدان کی سرزمین پر امن کی فضا قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امن کا قیام ضلع خیبر کی تمام سیاسی و سماجی شخصیات، مشران، نوجوانوں اور بلدیاتی نمائندگان کے تعاون سے ہی ممکن ہوگا۔کمشنر نے کہا کہ ضلع خیبر بشمول وادی تیراہ باغ میدان کو امن کا گہوارا بنایا جاسکتا ہے جس کےلئے پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز اقدامات کررہی ہیں،ضلع خیبر کے بھوٹان شریف اور پیر میلہ کے متاثرین کےلئے 1 کروڑ 30 لاکھ روپے مالی امداد صوبائی حکومت نے منظور کی ہے جو کہ متاثرہ خاندانوں کو جلد حوالے کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اقوام کےساتھ جرگے کی روشنی میں مشران کی جانب سے قوم کے سطح پر مشتمل خصوصی کمیٹیوں کے نام پیش کردیے گئے ہیں جو کہ اعلیٰ حکام کےساتھ جرگے میں شرکت کریں گے ،اس جرگے میں تیراہ، باغ میدان میں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر اپنا موقف، سفارشات و گزارشات پیش کریں گے جس کے بعد لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔