سرگودھا۔ 14 دسمبر (اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے سوشل میڈیا پر فاطمہ جناح کالونی میں سرکاری اراضی پر بااثر افراد کی جانب سے قبضہ کرکے فروخت کرنے کی پوسٹ وائرل ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کو فوری قبضہ واگزار کروانے کی ہدایت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا آمنہ احسان تارڈ کی سربراہی میں ریونیو و میونسپل کارپوریشن کے عملہ نے فاطمہ جناح کالونی میں مشترکہ طور پر بھاری مشینری کے ساتھ آپریشن کرتے ہوئے پختہ و عارضی تجاوزات کو گرا کر کروڑوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کروالی۔
ڈپٹی کمشنر نے سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واگزار کروایا گیا رقبہ عوامی مفاد میں لانے کے لیے تجاویز بھی طلب کرلی۔ آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود رہی۔ اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان تارڈ کا کہنا ہے کہ علاقہ کو قبضہ مافیا سے مکمل پاک کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔