کمشنر کراچی کی زیر صدارت6جولائی سے شروع ہونے والی 7روزہ انسداد پولیو مہم کا جائزہ اجلاس

کمشنر کراچی کی زیر صدارت6جولائی سے شروع ہونے والی 7روزہ انسداد پولیو مہم کا جائزہ اجلاس

کراچی۔ 03 جولائی (اے پی پی):کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں6جولائی سے شروع ہونے والی 7روزہ انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا گیا ۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور صو بائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینیٹر شہر یار میمن نے کمشنر کراچی کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں انسداد پولیو مہم 6جولائی سے شروع ہوگی جو 12جولائی تک جاری رہے گی، کراچی انتظامیہ اورایمرجنسی آپریشن سینٹر نے مہم پر عملدرآمد کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم میں پانچ سال تک کے25لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے مجموعی طور پر 26ہزار پولیو ورکرز اس مہم میں اپنے فرائض انجام دیں گے جبکہ سیکورٹی کیلئے 7 ہزار سیکورٹی اہلکارتعینات کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں صوبائی اور نیشنل ایمر جنسی آپریشن کے افسران نے پولیو وائرس کے خاتمہ کی کوششوں میں کمشنر کراچی ،ڈپٹی کمشنرز ،اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت کے افسران اور پولیو ورکرز باالخصوص فرنٹ لائن ورکرز کے کردار کو سہراہا اور ان کی خدمات کی تعریف کی ۔اس موقع پر کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی میں محکمہ صحت اور عالمی اداروں کے تعاون سے گھر گھر جانے کی مہم کو بہتر بنایا جا رہا ہے،ڈیٹا جمع کرنے کے طریقہ پر توجہ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور ہسپتالوں کی مدد سے ویکسی نیشن کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ افسران اور ورکرز پر زور دیا کہ وہ انسداد پولیو کی کوششیں مزید موثر بنائیں اور ملک کو پولیو سے پاک کرنے کی جدوجہد کو قومی جذبہ سے جاری رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد کو کامیاب بنانے کیلئے کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ رابطہ اور تعاون سے کام کریں اورجو ہدف مقرر کیا جائے وہ ہر ممکنہ طورپر حاصل ہو۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ رہ جانے اور انکار کرنے والے بچوں کی ویکسینیشن پربھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز رہ جانے اورانکار کرنے والے بچوں کی ویکسینیشن پر ترجیح دیں۔ ا جلاس میں ڈپٹی کمشنرزنے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر، صوبائی ایمر جنسی آپریشن سینٹر کے افسران ،اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز اقرا جنت اور ر دیگر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔